اسلامی یونیورسٹی میں انگریزی لسانیات میں پاکستان کا پہلا پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ پروگرام شروع

پیر 29 ستمبر 2025 21:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے پاکستان میں انگریزی لسانیات میں پہلا پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ پروگرام شروع کر دیا۔ اس تاریخی پروگرام کا افتتاح نیو کیمپس H-10 میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا جس کی صدارت یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کی۔ تقریب میں فیکلٹی آف لینگوئجز اینڈ لٹریچر کی ڈین ڈاکٹر فوزیہ جنجوعہ، اساتذہ اور ریسرچرز نے شرکت کی۔

صدر یونیورسٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی اعلیٰ تعلیم میں ایک سنگ میل ہے، کیونکہ ملک بھر کی 500 سے زائد یونیورسٹیوں میں اس سے قبل ایسا کوئی پروگرام موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیلوشپ پاکستانی انگلش کی بطور ایک منفرد زبان شناخت کے لیے تحقیق کو فروغ دے گی۔

(جاری ہے)

یہ پروگرام نہ صرف تعلیمی معیار کو بلند کرے گا بلکہ پاکستان کو عالمی لسانی تحقیق میں بھی نمایاں مقام دے گا۔

ڈاکٹر فوزیہ جنجوعہ نے کہا کہ فیکلٹی اعلیٰ معیار کی تحقیق اور پوسٹ ڈاکٹریٹ محققین کی مکمل رہنمائی اور تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے صدر جامعہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی موجودگی اس اہم پیش رفت کے لیے حوصلہ افزاء ہے۔پروگرام میں محققین کو پاکستانی انگلش کی ترقی، تعلیمی اور سماجی کردار اور تدریسی طریقوں پر اس کے اثرات پر تحقیق کا موقع دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فیلڈ ورک، کارپس سازی، اشاعت اور بین الاقوامی اشتراک کو بھی پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یہ فیلوشپ نہ صرف پاکستانی لسانی شناخت کو مضبوط کرے گی بلکہ قومی زبان پالیسی اور عالمی لسانی مباحث میں پاکستان کی نمائندگی کو بھی فروغ دے گی۔