خیبرپختونخوا کو ڈیجیٹل ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ نئے دور میں داخل کیا جا رہا ہے، صوبائی معاون خصوصی

پیر 29 ستمبر 2025 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و سائنس ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ صوبہ کو ڈیجیٹل ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ ایک نئے دور میں داخل کیا جا رہا ہے ،خیبرپختونخوا آئی ٹی ٹیکنالوجی کو عوام کے لئےمختلف خدمات کی بروقت اور شفاف نظام کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

حکومت سرکاری دفاتر سمیت تمام پبلک مقامات پر عوام کے لیے فری وائی فائی سروس متعارف کرا رہی ہے جبکہ سات میں سے پانچ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں سٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز عوام کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔وہ مردان میں نئے سٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد، ایڈیشنل سیکرٹری آئی ٹی شیراز خان، ایم ڈی خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عاکف، پراجیکٹ ڈائریکٹر سی ٹی سی وقاص الٰہی اور سی ایف سی کے انچارج صداقت اللہ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان واصف رحمان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عید نواز شیرانی، چیئرمین مردان بورڈ پروفیسر جہانزیب اور ڈی جی آئی ٹی ساجد خان بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرے گی اس سلسلہ میں دستک ایپ بھی متعارف کرائی گئی۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ مختلف خدمات کی بروقت اور آن لائن وصولی کے لیے دستک ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔انہوں نے کہا کہ موبائل اور انٹرنیٹ سے نابلد شہریوں کو ڈومیسائل، آرمز لائسنس، ڈرائیونگ لائسنس، ڈیتھ اور برتھ سرٹیفیکیٹس، نکاح نامہ سمیت 26 مختلف خدمات فراہم کی جائیں گی۔ یہ سہولیات دراصل اس بات کا ثبوت ہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو حقیقی معنوں میں سہولتیں دینا چاہتی ہے، خیبرپختونخوا ترقی، خوشحالی اور ڈیجیٹل انقلاب کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھتا رہے گا۔