کینیڈا کا اسرائیل سے غزہ کے لیے زمینی راہداریاں کھولنے کا مطالبہ

منگل 30 ستمبر 2025 10:30

اوٹاوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) کینیڈا نے اسرائیل سے غزہ میں بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی کے لیے زمینی راہداریاں کھولنے کا مطالبہ کیا ہے ۔اردو نیوزکےمطابق اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے نیویارک میں خطاب کرتے ہوئے کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فلسطینی علاقے میں عام شہریوں اور صحت کے مراکز کا تحفظ یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

انیتا آنند نے کہا کہ گزشتہ ہفتے جس موقف کا اظہار کیا گیا وہ کینیڈا کی دیرینہ پالیسی کی عکاسی کرتا ہے، جو فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور دو ریاستی حل سے وابستگی پر مبنی ہے، یعنی ایک ایسا مستقبل جہاں اسرائیلی اور فلسطینی امن اور سلامتی کے ساتھ رہیں۔انہوں نےکہا کہ دو ریاستی حل کمزور ہو رہا ہے جو کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی غیر قانونی توسیع سے ظاہر ہوتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کینیڈا نے غزہ میں انسانی امداد کے لیے 340 ملین ڈالر سے زائد کی امداد کا وعدہ کیا ہے، اور اس کی فوج فضائی امداد کی فراہمی میں بھی حصہ لے رہی ہے۔انہوں نے اُن علاقائی شراکت داروں کی حمایت کا اظہار کیا جو جنگ بندی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں اور ان سیاسی عمل میں کردار ادا کر رہے ہیں جو اس کے بعد شروع ہونا ہے۔