اٹک ، ٹریفک مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں ، ایک مربوط حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے، ڈپٹی کمشنر

منگل 30 ستمبر 2025 14:25

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر وچیئرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اٹک راؤ عاطف رضا نے کہا ہے کہ ضلع اٹک میں ٹریفک کے معاملات بہتربنانےکے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔چنگ چی رکشوں کی پارکنگ کے مسائل حل کیے جائیں گے۔انہوں نےان خیالات کا اظہار ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اٹک کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اٹک سردار ظہیر احمد خان،ضلعی ٹریفک آفیسر مرزا خرم،چیف افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے افراد بھی موجود تھے۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اٹک ظہیر احمد خان نے بریفنگ دی ۔اجلاس میں روڈ سیفٹی اور حادثات،کمرشل گاڑیوں کی فٹنس ،ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے کاروائیوں کا جائزہ ،اوور لوڈنگ اور اوور چارجنگ، کمرشل گاڑیوں میں ایل پی جی سلنڈر کے استعمال،شمسی توانائی پر چلنے والے ٹریفک سگنلز کی تنصیب ،رکشوں کی رجسٹریشن، کمرشل گاڑیوں کاوزن کرنے والے پوائنٹس (کانٹے) کی ڈیجیٹلائزیشن جیسے امور زیر غور لائے گئے،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع اٹک میں جلد شروع ہونے والی الیکٹرک بسوں کا ڈیٹا اورلاری اڈوں کے حالات کا جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں اہم فیصلے کیے گئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اٹک نے کہا کہ ضلع اٹک میں ٹریفک کے مسائل کے سلسلے میں وہ بخوبی آگاہ ہیں اور اس سلسلے میں ایک مربوط حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔تمام محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ دوسرے صوبوں سے آنے والی گاڑیوں کی بھی چیکنگ کی جائے اور زائد وزن والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے انہوں نے متعلقہ افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں ہونے والے ہیں اہم فیصلوں پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔\378