حکومت پنجاب کے شہدا پیکج کے تحت 17 شہدائے پولیس کو گھر اور مالی مراعات دینے کی منظوری

منگل 30 ستمبر 2025 15:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء) حکومت پنجاب کے شہدا پیکج کے تحت 17شہدائے پولیس کو گھر اور مالی مراعات دینے کی منظوری دے دی گئی۔ صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے پولیس ملازمین کیلئے شہدا پیکج کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی ، ایڈیشنل آئی جی عمران احمد، ڈی آئی جی ویلفئر غازی صلاح الدین، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس کنور انوار علی خاں، محکمہ خزانہ اور محکمہ قانون کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پولیس شہدا پیکج کی مختلف کیٹگریز کا ازسرنو جائزہ لیا گیا اور شہید پیکج 3کے رولز میں تبدیلی کا فیصلہ ہوا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتی نے بتایا کہ پیکچ 3کیٹگری کے شہدا کو مراعات میں گھر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کابینہ سے شہید پیکج 3 کے رولز میں تبدیلی کی منظوری لی جائے گی۔ اس سے قبل شہید پیکج 3میں ورثا کو گھر کے علاوہ دیگر مراعات ملتی تھیں جبکہ شہید پیکج 1اور 2میں پہلے ہی ورثا کو گھر بھی دیا جاتا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب میں ہونے والے اہم اجلاس کے دوران 17شہدائے پولیس کو شہید پیکج دینے کیلئے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل اباد کے اے ایس آئی عبید اللہ آصف کو شہید پیکج 2دینے کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح ملتان کے اے ایس آئی محمد اکبر کو شہید پیکج 2، ڈی جی خان کے اے ایس آئی غلام صابر اور کانسٹیبل غلام فرید کیلئے پیکج 2، راولپنڈی کے ہیڈ کانسٹیبل ارتفاع علی کیلئے شہید پیکج 2، بہاولپور کے شہید کارپورل ممتاز حسین کیلئے پیکج 3، سرگودھا میں شہید ہونے والے کانسٹیبل عبدالشفیق اور محمد عمران کیلئے پیکج 2 کی منظوری دی گئی۔

اجلاس نے اٹک کے کانسٹیبل قدیر خان کیلئے شہید پیکج 2، فیصل آباد کے کانسٹیبل محمد اصف کیلئے شہید پیکج 2، ڈی جی خان کے کانسٹیبل رئیس راجہ کیلئے پیکج 2، لاہور کے کانسٹیبل عامر لیاقت علی کیلئے شہید پیکچ 2، راولپنڈی کے کانسٹیبل سجاد حسین کیلئے پیکج 2جبکہ راجن پور کے کانسٹیبل محمد عاقب کیلئے شہید پیکج 3کی منظوری دی۔ جہلم کے شہید کانسٹیبل حید علی شاہ کیلئے شہید پیکج 2، فیصل آباد کے ٹریفک وارڈن منور حسین کیلئے شہید پیکج 2اور اوکاڑہ کے کانسٹیبل محمد سیف اللہ کیلئے شہید پیکج 2کی منظوری دی گئی۔

یاد رہے کہ شہید پیکج 2کے تحت اے ایس آئی کے ورثا کو 50لاکھ، گھر اور دیگر مراعات ملتی ہیں جبکہ پیکچ 2 کے تحت شہید کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل کو 40لاکھ، گھر اور دیگر مراعات ملتی ہیں۔ اسی طرح پیکچ 3کے تحت شہید ہونے کانسٹیبل اور ٹریفک وارڈن کو 35لاکھ اور دیگر مراعات ملتی ہیں۔