ڈیسکون آکسی کیم اور لمزکے مابین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سسٹم کے فروغ کا معاہدہ

منگل 30 ستمبر 2025 16:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء) پاکستان میں صف اول کی کیمیکل کمپنی ، ڈیسکون آکسی کیم لمیٹڈ (DOL) نے مکمل طور پر فنڈڈ ایک ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شروع کرنے کے لیے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(LUMS)کے شعبہ کیمسٹری اور کیمیکل انجینئرنگ کے ساتھ ایک اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔یہ اشتراک انڈسٹری اور اکیڈیمیہ کے مابین روابط کوفروغ دینے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر جدت کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے جو مستقبل میں ڈیسکون آکسی کیم کی صنعتی ضروریات کے لیے سازوسامان کی تیاری میںمددگار ثابت ہوگا ۔

اس موقع پرلاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسزکے وائس چانسلر ڈاکٹر علی چیمہ ،پرووسٹ طارق جدون اور ڈین Dr. Walther Schwarzacher سمیت کیمیکل انجینئرنگ کے فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

یہ شراکت داری تحقیق، جدت ، ٹیلنٹ کے فروغ اورانڈسٹری و اکیڈیمہ کے لیے بامقصد تحقیق کے عزم کو ظاہر کرتی ہے ۔ڈیسکون آکسی کیم لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسریاسر صدیق شیخ نے کہاکہ،’’ہمارا پختہ یقین ہے کہ انڈسٹری کا مستقبل ،اکیڈیمیہ سے اشتراک میں ہی ہے۔

لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسزکے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہمارا مقصد پاکستان میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سسٹم کو مستحکم کرنا، جدت کو فروغ دینا اور ایسے علم میں سرمایہ کاری کرنا ہے جو مستقبل کی صنعتی ضروریات کو پورا کرسکے۔یہ اقدام مقامی صلاحیت کوسامنے لانے اور پائیدار ترقی کے لیے سائنس کے فروغ کے لیے ہماری وابستگی کا ثبوت ہے ۔‘‘یہ معاہدہ ڈیسکون آکسی کیم کے طویل المدتی وژن، تحقیق میں سرمایہ کاری اور پاکستان کی صنعت اور ٹیکنالوجی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انڈسٹری اور اکیڈیمیہ کے مابین رابطوںکی اہمیت کوظاہر کرتا ہے۔