زیورخ فلم فیسٹیول میں پہلی اے آئی اداکارہ کی رونمائی

منگل 30 ستمبر 2025 19:57

زیورخ فلم فیسٹیول میں پہلی اے آئی اداکارہ کی رونمائی
زیورخ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء)زیورخ فلم فیسٹیول میں دنیا کی پہلی مصنوعی ذہانت (AI) سے تخلیق کردہ اداکارہ ٹلی نورووڈ کی رونمائی کے بعد ہالی ووڈ میں شدید بحث چھڑ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کئی ٹیلنٹ ایجنٹس اس ڈیجیٹل اداکارہ کو سائن کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں، جس کے بعد اداکاروں کی کمیونٹی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ٹلی نورووڈ کی خالق، اداکارہ اور پروڈیوسر ایلین وین ڈر ویلڈن نے انسٹاگرام پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ کردار انسانوں کا متبادل نہیں بلکہ ایک تخلیقی کام اور آرٹ کی شکل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اے آئی ٹیکنالوجی کو اینیمیشن، کٹھ پتلی تماشے اور سی جی آئی جیسی تخلیقی تکنیکوں سے تشبیہ دی اور کہا کہ میں خود ایک اداکارہ ہوں اور کوئی بھی چیز انسانی فنِ اداکاری کی خوشی کو ختم نہیں کرسکتی۔

یہ کردار زیکویا نامی نئے اے آئی ٹیلنٹ اسٹوڈیو نے متعارف کرایا ہے، ابتدا میں شکوک و شبہات کا سامنا رہا مگر جلد ہی اس منصوبے میں دلچسپی بڑھ گئی، ٹلی نورووڈ اب سوشل میڈیا پر بھی فعال ہیں اور اپنے پہلے مزاحیہ ڈرامے AI کمشنر میں کاسٹ ہونے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ہالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات نے اے آئی اداکارہ کی آمد پر شدید ردعمل دیا ہے۔