صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مختلف کھیلوں کی وسیع وجدید سہولتوں کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں ،کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور

منگل 30 ستمبر 2025 20:15

ح*فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء)کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مختلف کھیلوں کی وسیع وجدید سہولتوں کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں اس سلسلے میں ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کے قابل ستائش منصوبے کو شہریوں کے لئے مزید پرکشش بنائیں گے۔ انہوں نے یہ بات ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ کے دورہ کے دوران سپورٹس کمپلیکس اور ڈویژنل پبلک سکول کی زیر تعمیر عمارت کی پیش رفت کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کمشنرکو ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کے تکمیلی مراحل، ان ڈور گیمز کی دستیاب سہولیات، نمایاں خصوصیات، مزید ترقی کے منصوبوں اور بعض درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیٹر عامر رضا، چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب، پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل مقصود پنوں ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کیا اور عمدہ نظم ونسق، سکیورٹی، صفائی ستھرائی، خوشگوار ماحول اور ان ڈور گیمز کے کورٹس کی بہترین دیکھ بھال کو بے حد سراہا۔انہوں نے کہا کہ مرد و خواتین کے لئے جمینزیم، سوئمنگ پولز، بیڈ منٹن، باسکٹ بال اور ٹیبل ٹینس سمیت عالمی معیار کی دیگر ان ڈور گیمز کی جدید سہولیات بے حد متاثرکن ہیں۔

انہوں نے اپنے مکمل اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سپورٹس کمپلیکس بڑی اہمیت و افادیت کا حامل ہے جس کے قیام اور انتظام و انصرام کے لئے ایف ڈی اے کی کاوشیں لائق ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممبر شپ کے لئے زیر التواء امیدواروں کے جلد انٹرویو شروع کرنے اور سپورٹس کمپلیکس کو مزید بارونق بنا کر ہمہ نوعیت کے تفریحی پروگرامز ترتیب دینے کی تاکید کی۔

انہوں نے ممبرز کی سہولت و دلچسپی کے لئے کیفیے ٹیریا کو جلد تکمیل بنانے کی ہدایت بھی کی۔ کمشنر نے ایف ڈی اے میں ڈویژنل پبلک سکول کی زیر تعمیر عمارت کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور بلڈنگ کے فرسٹ فلور کو جلد مکمل کرکے کلاسز شروع کرنے کا حکم دیا تاکہ شہریوں کو ان کے گھروں کے نزدیک معیاری اور با کفایت تعلیم کی سہولیات جلد میسر آسکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ منصوبے کے بقایا فنڈز جلد فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کمشنر کو ایف ڈی اے سٹی کے رہائشی منصوبے کے مختلف نمایاں پہلوئوں سے بھی آگاہ کیا جبکہ چیف انجینئر مہرایوب نے ڈی پی ایس کی بلڈنگ کے تعمیراتی مراحل اور تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی

متعلقہ عنوان :