ٓکوئٹہ ،ایف سی ہیڈ کوارٹر پرخودکش حملے میں 25 سے 30کلو بارودی مواد اور 2گاڑیاں استعمال کی گئی

منگل 30 ستمبر 2025 20:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء) کوئٹہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پرخودکش حملے میں 25 سے 30کلو بارودی مواد اور 2گاڑیاں استعمال کی گئی ، دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق ایف سی ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں کے خودکش حملے اور دھماکے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 25 سے 30 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جوکہ سوزوکی گاڑی میں نصب کیا گیا تھا،تحقیقات کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی کو ایف سی ہیڈکوارٹر سے ٹکرا دیا، جبکہ دیگر دہشت گردوں کو الگ گاڑی میں جائے وقوعہ تک پہنچایا گیا۔

واقعے میں دہشت گردوں نے مرکزی دروازے سے ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی۔ فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں تمام دہشت گرد مارے گئے،حملہ آوروں کے قبضے سے 15 دستی بم، 3انڈر بیرل گرینیڈ لانچر اور 4کلاشنکوفیں برآمد کی گئیں۔ سیکورٹی حکام کے مطابق کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے،آپریشن کے بعد علاقے کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی حکام نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت چوکس اور پرعزم ہیں