حکومت آزادکشمیر کی ایکشن کمیٹی کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت، بات چیت کے بغیر موجودہ صورتحال کا حل ممکن نہیں، فیصل راٹھور

منگل 30 ستمبر 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) حکومت آزادکشمیر نے ایکشن کمیٹی کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈائون مودی سرکار کی روایت ہے،بات چیت کے بغیر موجودہ صورتحال کا حل ممکن نہیں۔منگل کو جاری بیان میں وزیر حکومت ا ٓزاد کشمیر فیصل راٹھور نے کہا کہ حکومت کا یہ عہد ہے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ذمے داری حکومت کی ہے اور ہم یہ کوشش کررہے ہیں کہ ریاست کے امن کو برقرار رکھا جائے۔

(جاری ہے)

فیصل راٹھور نے کہا کہ حکومت نے پہلے بھی لگاتار ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھا،اس وقت لوگوں کے معمولات زندگی میں رکاوٹیں ڈالنا کسی طور پر درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے نمائندوں نے یہاں آ کر مذاکرات کئے اور اکثر مطالبات مان لیے،جن کا فوری حل ممکن نہ تھا ان کے بارے میں بھی حکمت عملی بنانے کی پیشکش کی گئی۔فیصل راٹھور نے کہا کہ آزادکشمیر کی فضا امن و بھائی چارے کی ہے، اس کو برقرار رکھا جائے، ایکشن کمیٹی ہمارے ساتھ مذاکرات کی میز پر آئے،29 تاریخ کی کال تھی وہ تاریخ گزر چکی۔انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ریاست کے اندر ایسے حالات پیدا ہوں کہ نقصان دونوں اطراف ریاست کا ہی ہو۔