نسٹ کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف سے رومانیہ کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

بدھ 1 اکتوبر 2025 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف سے رومانیہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، ثقافت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں رومانیہ کے سفارتی نمائندوں نے نسٹ کو پاکستان کی ایک ممتاز اور سائنسی میدان میں نمایاں یونیورسٹی قرار دیتے ہوئے اس کی تعلیمی خدمات، تحقیقاتی سرگرمیوں اور 20,000 سے زائد طلبہ پر مشتمل وسیع تعلیمی نیٹ ورک کی تعریف کی۔

دونوں فریقین نے تعلیمی میدان میں اشتراک کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ خاص طور پر رومانیہ کی معروف یونیورسٹی یونیورسٹی پولی ٹیکنیکا آف بخارسٹ (UPB) اور نسٹ کے مابین طلبہ و اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیق اور ایک ممکنہ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کے امکانات زیر غور آئے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان میں رومانیہ کی ثقافت کو متعارف کرانے کے لیے نسٹ میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور ایک ممکنہ ’’رومانیہ چیئر‘‘ کے قیام پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہو۔

ٹیکنالوجی کے شعبے میں مصنوعی ذہانت (AI)، خلائی سائنس، ڈیٹا سائنس، اور بایو ٹیکنالوجی جیسے جدید میدانوں میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔وفد نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات پاکستان اور رومانیہ کے تعلقات کو ایک نئی سمت دے گی اور آنے والے وقتوں میں دونوں ممالک کو تعلیم اور تحقیق میں ایک دوسرے سے سیکھنے کا بھرپور موقع میسر آئے گا۔