گورنر خیبرپختونخوا سے سب ڈویژن لکی مروت بیٹنی قوم کے وفد کی ملاقات

بدھ 1 اکتوبر 2025 14:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے بدھ کو سب ڈویژن لکی مروت بیٹنی قوم کے نمائندہ وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔گورنر ہائوس تر جمان کے مطابق اتحاد العلما کے صدر مولانا ملک محمد عمر اشرفی کی قیادت میں وفد میں ملک ہدایت اللہ، ملک شیرین، ملک کمال شاہ، ملک شیر افضل، ملک فدا محمد اور دیگر عمائدین شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے گورنر کو علاقائی مسائل سے بالخصوص او جی ڈی سی ایل پلانٹ کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔وفد نے بتایا کہ ہمارا علاقہ معدنی وسائل سے مالا مال ہے، جس بنا پر او جی ڈی سی ایل نے سب ڈویژن بیٹنی میں اپنا پلانٹ قائم کیا ہے۔ وعدے اور معاہدہ کے باوجود بیٹنی قوم کو گیس کے مفت کنکشن فراہم نہیں کئے گئے۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قومی وسائل پر سب سے پہلا حق مقامی آبادی کا ہوتا ہے، گیس ذخائر والے علاقوں کی آبادی کو گیس کنکشن اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا ایک باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے،بیٹنی قوم کے تحفطات پر او جی ڈی سی ایل حکام سے بات کی جائے گی۔