آٹھ جنگیں ختم کیں، نوبل انعام کا حق دار ہوں، ٹرمپ

پوتین کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا،وزارت دفاع کا نام بدل کر وزارت جنگ رکھنے کی تجویز

بدھ 1 اکتوبر 2025 14:35

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عسکری قیادت سے خطاب میں اپنی امن قائم کرنے کی صلاحیت کا حوالہ دیتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ انہوں نے آٹھ جنگوں کا خاتمہ کیا ہے اور اس بنیاد پر نوبل انعام کے حق دار ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ انعام انہیں نہیں بلکہ ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے ان کے خلاف کتابیں لکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ اور یوکرین میں تنازعات اب بھی جاری ہیں، حالانکہ ان کی انتظامیہ نے ثالثی کی کوششیں کیں۔ ٹرمپ نے حماس کو خبردار کیا کہ اگر اس نے جنگ بندی کے منصوبے پر اتفاق نہ کیا تو اس کا انجام سنگین ہوگا۔ورجینیا کے شہر کوانٹیکو میں فوجی قیادت سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی کو باہمی تعاون کے ذریعے جنگ ختم کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

ان کے بقول "ہم پوتین کا بھرپور مقابلہ کریں گے تاکہ یوکرین کی جنگ ختم کی جا سکی"۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کی پالیسی نے گذشتہ چار برسوں کی بدامنی کا خاتمہ کیا، جو دراصل سابق صدر جو بائیڈن کے دور کی طرف اشارہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت دفاع کا نام بدل کر وزارت جنگ رکھنا ان کی آئندہ پالیسی کا حصہ ہے اور انہوں نے امریکی فوج کو ازسرنو مضبوط بنایا ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ہر میدان میں تمام ملکوں سے آگے ہے، بالخصوص چین اور روس کے مقابلے میں آبدوزوں کے شعبے میں بھی آگے ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکہ چھٹی نسل کے جنگی طیارے کی تیاری کر رہا ہے۔