اقوام متحدہ کا تمام فریقین سے ٹرمپ کے غزہ منصوبے پر عمل درآمد کا مطالبہ

معاہدے اور اس کے نفاذ کے لیے تمام فریقوں کا پرعزم ہونا اہم ہے،انتونیوگوتریس

بدھ 1 اکتوبر 2025 14:35

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ جنگ بندی منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے۔انتونیو گوتریس نے امن کے لیے عرب اور مسلم ممالک کے اہم کردار کو بھی سراہا، انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ تمام فریقین معاہدے پر عمل درآمد کریں اور اس کے نفاذ کو یقینی بنائیں، معاہدے اور اس کے نفاذ کے لیے تمام فریقوں کا پرعزم ہونا اہم ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ تنازع سے پیدا ہونے والی شدید انسانی تکالیف کو کم کرنا اولین ترجیح قرار دیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی، بلارکاوٹ انسانی امداد کی رسائی، تمام یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی ہونی چاہیے۔ انتونیو گوتریس نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات دو ریاستی حل کے لیے سازگار حالات پیدا کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ مشرق وسطی میں امن و استحکام کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔دوسری جانب برطانیہ، اٹلی، روس، فرانسیسی صدر اور فلسطینی اتھارٹی نے بھی امریکی امن منصوبے کا خیر مقدم کیا۔