ہسپتال میں نادار مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،ڈائریکٹر گمس

بدھ 1 اکتوبر 2025 21:10

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نےگمبٹ ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہیں اہم شعبہ جات اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی ۔ کمشنر سکھر کا گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) پہنچنے پر ڈائریکٹر گمس ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے ان کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے اپنے آفس میں کمشنر سکھر کو ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کردہ طبی سہولیات کے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔

انہوں نے بتایا کہ 1974ء میں گمبٹ میں ایک چھوٹی سی ڈسپینسری سے آغاز کیا تھا جو کہ حکومت سندھ کے تعاون سے اب گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی صورت میں ایک بڑے ادارے میں تبدیل ہو چکا ہے، جہاں لاہور، راولپنڈی، گلگت، کشمیر، کراچی، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک بھر سے مریض علاج کرانے آتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر گمس نے بتایا کہ حکومت سندھ کے تعاون سے ملک بھر کے نادار مریضوں کو یہاں مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، گمس میں ڈائیلاسز، جگر کا ٹرانسپلانٹیشن، بون میرو ٹرانسپلانٹیشن، دل کا بائی پاس، نیورو سرجری، کیموتھراپی، آرتھوپیڈک اور گائنی سمیت دیگر شعبوں میں مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے بتایا کہ کینسر میں مبتلا مریضوں کے لیے سیلیولر تھراپی کا عمل متعارف کروانے پر بھی کام کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر گمس نے بتایا کہ ہمارے یہاں امراض جگر کے 8 اسپیشلسٹ سرجن موجود ہیں اور گمس میں جگر کے مریضوں کے 3 کیسز یومیہ آپریٹ کیے جا سکتے ہیں۔کمشنر سکھرنے کہا کہ گمبٹ جیسے چھوٹے سے شہر میں گمس جیسے کامیاب طبی ادارے کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گمس کی ترقی میں ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کا کلیدی کردار ہے۔ اس موقع پر کمشنر سکھر نے کہا کہ جلد ہی چیف سیکرٹری سندھ کو گمس کے دورے کی دعوت دیں گے۔