جانوروں میں لمپی سکن بیماری سے گھبرانے کی نہیں ، احتیاط کی ضرورت ہے، بروقت علاج اور حفاظتی اقدامات سے جانور صحت یاب ہو جاتے ہیں،ڈاکٹرارشدلطیف ارشد

بدھ 1 اکتوبر 2025 22:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ راولپنڈی ڈاکٹر ارشد لطیف ارشد نے کہا ہے کہ جانوروں میں لمپی سکن بیماری سے گھبرانے کی نہیں بلکہ احتیاط کی ضرورت ہے، بروقت علاج اور حفاظتی اقدامات سے جانور صحت یاب ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیماری مویشیوں کی جلد پر گٹھلیاں اور سوجن کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے، اس سے جانور کمزور ہو سکتے ہیں اور دودھ کی پیداوار پر بھی اثر پڑ سکتا ہے لیکن بروقت علاج اور حفاظتی اقدامات سے جانور صحت یاب ہو جاتے ہیں۔

ماہرین نے بتایا کہ یہ بیماری مچھروں، مکھیوں اور دوسرے کیڑوں کے ذریعے ایک جانور سے دوسرے جانور میں منتقل ہو سکتی ہے، اس لیے مویشیوں کے باڑے صاف ستھرے رکھنے اور مویشیوں کو کیڑوں سے بچانے کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں نے کہا کہ کسانوں کو چاہیے کہ بیمار جانور کو فوراً علیحدہ کر دیں تاکہ دوسرے جانور متاثر نہ ہوں۔ ساتھ ہی مقامی ویٹرنری ڈاکٹر سے رابطہ کر کے علاج کروائیں۔ڈاکٹر ارشد لطیف ارشد نے واضح کیا کہ لمپی سکن جانوروں میں خطرناک ضرور ہے مگر انسانوں میں نہیں پھیلتی۔ اس لیے کسانوں کو گھبرانے کی نہیں بلکہ احتیاط اور صفائی کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے اس کے علاوہ ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی اس بیماری کے کنٹرول کے لیے چیک پوسٹیں لگائی ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :