سیکرٹری محکمہ ثقافت ڈاکٹر عبدالصمد کی برطانوی ماہرِ ورثہ فلپ ڈیوس سے ملاقات

بدھ 1 اکتوبر 2025 23:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) محکمہ ثقافت، سیاحت اور آثارِ قدیمہ و عجائب گھر خیبر پختونخوا کے سیکرٹری ڈاکٹر عبدالصمد نے برطانوی ماہرِ ورثہ فلپ ڈیوس سے ملاقات کی۔محکمہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس نشست کا مقصد تہذیبی ورثے کے تحفظ اور ثقافتی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے نئے عزم کا اعادہ کرنا تھا۔

(جاری ہے)

فلپ ڈیوس، جو انگلش ہیریٹیج کے سابق ڈائریکٹر اور کامن ویلتھ ہیریٹیج فورم کے بانی چیف ایگزیکٹیو ہیں، نے برطانیہ اور کامن ویلتھ کے کئی تاریخی مقامات کو نئی زندگی بخشی، اُن کی قیادت میں 12.26 ملین پائونڈز مالیت کا کوئین الزبتھ دوم پلاٹینم جوبلی کامن ویلتھ ہیریٹیج اسکلز ٹریننگ پروگرام تشکیل پایا جو تاریخِ کامن ویلتھ کا سب سے عظیم تربیتی منصوبہ قرار دیا جاتا ہے، ملاقات کے دوران دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق ہوا کہ تاریخی مقامات کی حفاظت، ثقافتی تبادلے کے فروغ اور استعداد کار بڑھانے کےلیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر یہ عہد بھی دہرا یا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ مل کر اپنے مشترکہ تہذیبی ورثے کی پاسداری کےلیے عالمی تعاون کو مزید جِلا بخشیں گے۔