جہلم ،ڈپٹی کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال میں اوورسیز فاؤنڈیشن کے تعاون سے زیر تعمیر نئے بلاک کا جائزہ

جمعرات 2 اکتوبر 2025 12:21

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے سول ہسپتال میں نئے بلاک کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں اوورسیز فاؤنڈیشن کے تعاون سے زیر تعمیر نئے بلاک کا تفصیلی جائزہ لیا اور تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔اس موقع پر چیئرمین اوورسیز فاؤنڈیشن چوہدری پرویز اختر نے انہیں تعمیراتی کام کی پیشرفت اور سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

چوہدری پرویز نے ڈی سی جہلم کو بتایا کہ یہ بلاک اوورسیز پاکستانیوں کے تعاون سے تقریباً 10 کروڑ روپے کی لاگت سے ریکارڈ وقت میں مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈی سی میر رضا اوزگن نے اوورسیز پاکستانیوں کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہا۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں اور ڈی ایچ کیو میں یہ نیا بلاک جہلم کے عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس بلاک کی تکمیل کے بعد صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر ہسپتال میں اوورسیز فاؤنڈیشن کے پہلے سے جاری منصوبہ جات کا بھی دورہ کروایا گیا ۔\378