Live Updates

ضلع نارووال کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی سروے کا سلسلہ تیزی سے جاری

ڈپٹی کمشنر سیدحسن رضانے مختلف سیلاب متاثرہ دیہات کا دورہ کر کے سروے ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا

جمعرات 2 اکتوبر 2025 17:03

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)ضلع نارووال کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی سروے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنرسیدحسن رضانے اس حوالے سے تحصیل نارووال میں چندیاں والی،دھودے ودیگر مختلف سیلاب متاثرہ دیہات کا دورہ کیا اور موقع پر پہنچ کر سروے ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔سروے ٹیموں میں محکمہ ریونیو، اربن یونٹ، پاک فوج، زراعت اور لائیو اسٹاک کے نمائندے شامل ہیں، جو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نقصانات کا شفاف تخمینہ لگا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ٹیمیں ہر گھر جا کر مکانات، فصلوں، مال مویشیوں اور انسانی جانوں کے ضیاع کا ریکارڈ مرتب کر رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ٹیموں کو نقصانات کے درست اندراج اور مکمل شفافیت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر متاثرین کو نقصانات کے مطابق معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ انسانی جانوں کے ضیاع پر لواحقین کی مالی مدد اور کسانوں کے لیے فصلوں و مویشیوں کے نقصانات کے ازالے کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے متاثرین سیلاب کے لئے کیے جانے امدادی پیکج پرمقامی عوام اور نمائندوں نے سروے کے عمل کو متاثرین کی بحالی کے لیے حکومت پنجاب کا ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات