پنجاب یونیورسٹی کی منفی سرگرمیوں میں ملوث مزید 17 طلباء کے خلاف کارروائی

جمعرات 2 اکتوبر 2025 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی نے ہنگامہ آرائی، لڑائی جھگڑے، ہراساں کرنے سمیت منفی سرگرمیوں میں ملوث 17 طلبہ کی اپیلیں سننے کے بعد مسترد کرتے ہوئے مختلف سزائیں دے دیں۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی کالج آف سٹیٹسٹیکل سائنسز کے احمد علی، حسیب رضا، حسن عبداللہ، عمر اسلم، محمد معظم، شاہ زیب خان برکی، محمد کاشف نواز، واجد نور خان، شعبہ جینڈرسٹڈیز کے محمد حسن امیر، محمد طلحہ ظہیر، اور عبداللہ شاہ پر20ہزار تا45ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ایک تعلیمی سال کی پابندی اورعمارت کے نقصان کا ازالہ کرنے کی سزا دی گئی۔

اسی طرح شعبہ ٹیکنالوجی ایجوکیشن سے زین شوکت، شعبہ ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ایویلیوایشن سے محمد انیس اور مجتبیٰ حسین کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر یونیورسٹی احاطے میں ان کے داخلے پر سختی سے پابندی عائد کر دی گئی۔جبکہ شعبہ سوشل ورک سے محمد سمیع اللہ، انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز سے زوہیب عباس اور شعبہ ٹیکنالوجی ایجوکیشن سے طیب احمد کو ایک تعلیمی سال کے لیے منسوخ کر دیاگیا ہے۔ترجمان پنجاب یونیورسٹی نے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی ہدایات پر ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے طلباء کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔