کیتھولک چرچ پاکستان کااقلیتوں کے کردار کو سراہنے اور ان سے ا ظہار یکجہتی کی قرارداد کی متفقہ منظوری کا خیرمقدم

جمعرات 2 اکتوبر 2025 18:26

راولپنڈی /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)کیتھولک چرچ پاکستان کے سربراہ آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے سینیٹ آف پاکستان کی جانب سے اقلیتوں کے کردار کو سراہنے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد کی متفقہ منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ قرارداد پاکستان میں موجود اقلیتوں کے حقوق، مساوات اور شمولیت کی آئینی ضمانت کو مزید تقویت دیتی ہے۔

قائداعظم محمد علی جناح کا 11 اگست 1947 کا خطاب ہمارے لئے ہمیشہ رہنمائی کا سرچشمہ ہے جس میں تمام شہریوں کو مذہب، عقیدے یا پس منظر سے بالاتر ہو کر برابر کے حقوق اور آزادیوں کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔"آرچ بشپ نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کے بنیادی حقوق واضح ہیں اور یہ قرارداد اس بات کی یاد دہانی ہے کہ اقلیتیں ملک کی ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت اور پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور شمولیت کو فروغ دینے کے لئے مزید مثر اقدامات کرے اور تعلیمی نصاب میں قائداعظم کا 11 اگست کا خطاب اور اقلیتوں کے حقوق کو شامل کرے تاکہ نئی نسل کو مساوات اور تنوع میں اتحاد کی تعلیم دی جا سکے۔ آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ:"پاکستان کے مسیحی اور دیگر اقلیتی برادریاں اپنی وفاداری، قربانیوں اور خلوص کے ساتھ ملک کی خدمت کرتی رہیں گی اور ایک پرامن، خوشحال اور متحد پاکستان کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔