کامونکی میں غیرت کے نام پرشوہر کے ہاتھوں بیوی قتل

جمعرات 2 اکتوبر 2025 19:24

لاہور/گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے ضلع گوجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں غیرت کے نام پر شوہر کے ہاتھوں بیوی کے بہیمانہ قتل کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق تھانہ واہنڈو کی حدود میں ملزم منیر احمد نے گھریلو جھگڑے اور غیرت کے نام پر اپنی پچپن سالہ بیوی ساجدہ بی بی کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کر دیا۔

(جاری ہے)

مقتولہ کے سر اور گردن پر گہرے زخم آئے جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل ایک انتہائی سنگین جرم اور ایسے کیسز میں ریاست خود مدعی بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر خواتین کے خلاف تشدد کے تمام واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔