ٹ* مانچسٹر میں یہودی عبادت گاہ کے باہر حملہ، دو افراد ہلاک، تین زخمی

× پولیس فائرنگ میں حملہ آور مارا گیا، بم کی موجودگی کا شبہ، برطانوی وزیراعظم اور بادشاہ چارلس کا واقعے پر اظہار افسوس

جمعرات 2 اکتوبر 2025 19:40

گ مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2025ء)برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں یومِ کِپور کے موقع پر ایک یہودی عبادت گاہ کے باہر خوفناک حملے میں دو افراد جاں بحق اور کم از کم تین شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حملہ آور کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ کرمپسال کے علاقے میں ہیٹن پارک ہیبرو کانگریگیشن سینیگوگ کے باہر پیش آیا، جہاں اس وقت بڑی تعداد میں عبادت گزار موجود تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے پہلے گاڑی سے لوگوں کو کچلا، جس کے بعد وہ باہر نکلا اور چاقو سے قریبی افراد پر حملہ کر دیا۔مانچسٹر پولیس کے ترجمان کے مطابق ملزم کے پاس بم ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، اسی وجہ سے جائے وقوعہ پر فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار حملہ آور کو گولیاں مار رہے ہیں، جبکہ ایک شخص خون آلود حالت میں زمین پر پڑا ہے۔

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے واقعے کو ’’انتہائی قابلِ مذمت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یومِ کِپور جیسے مقدس دن پر اس نوعیت کا حملہ ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے یورپ میں جاری اجلاس ادھورا چھوڑ کر ہنگامی سیکیورٹی میٹنگ کے لیے وطن واپس آنے کا اعلان کیا۔بادشاہ چارلس سوم نے بھی واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اسے یہودی برادری کے لیے ’’انتہائی صدمہ خیز سانحہ‘‘ قرار دیا۔پولیس اور سیکیورٹی ادارے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔