کنوینرمنزہ حسن کی زیرِ صدارت پاکستان ۔آئرلینڈ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا اہم اجلاس، پاکستان آئرلینڈ دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور پارلیمانی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ

جمعرات 2 اکتوبر 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) پاکستان ۔آئرلینڈ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا اہم اجلاس کنوینرمنزہ حسن کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔آئرلینڈ کی سفیر میری او نیل اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن مسٹر ڈیکلن جانسٹن نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔کنوینر منزہ حسن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان آئرلینڈ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور پارلیمانی تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔

انہوں نے 2024 میں پاکستان میں آئرلینڈ کے سفارتخانے کے قیام کو دونوں ممالک کے تعلقات میں سنگِ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے جنوری 2025 میں آئرلینڈ کے پارلیمانی مطالعہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئرش پارلیمانی نظام، کمیٹی ڈھانچے اور قانون سازی کے طریقۂ کار بہترین پایا۔

(جاری ہے)

کنوینر نے آئرلینڈ کی پارلیمنٹ کے ہم منصب فرینڈشپ گروپ کے ساتھ ابتدائی ورچوئل اجلاس کی تجویز دی تاکہ باقاعدہ گروپ ٹو گروپ اور کمیٹی ٹو کمیٹی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے ماحولیاتی پالیسی، نوجوانوں اور کھیلوں کی سفارت کاری، تعلیمی تبادلے اور دونوں ممالک کی ویمن پارلیمنٹری کاکسز کے درمیان تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ صنفی مساوات پر مبنی قانون سازی اور قیادت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ یورپ میں آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے ایک بڑے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، جہاں متحرک ڈیجیٹل معیشت موجود ہے۔

یہ شعبہ پاکستان کے ساتھ آئی ٹی اسکلز ایکسچینج، تحقیق و جدت، مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی اور فِن ٹیک کے میدان میں تعاون کے مواقع فراہم کرتا ہے۔گروپ نے آئرش اساتذہ خصوصاً کانونٹ آف جیزس اینڈ میری کی نَنز اور دیگر مشنری اداروں کی پاکستان کی تعلیم و سماجی ترقی میں طویل خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آئرلینڈ کی سفیر میری او نیل نے 2024 میں پاکستان میں آئرلینڈ کے سفارتخانے کے قیام کو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں فرینڈشپ گروپ کی کاوشوں کو سراہا اور تعلیم خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم کو قومی ترقی کا اہم ستون قرار دیا۔انہوں نے آئرلینڈ میں پاکستانی کمیونٹی کے تعمیری کردار کو سراہا، جو تعلیم، صحت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے پاکستانی نژاد کونصلر عمار علی کی مثال دی جو ڈبلن میں ڈپٹی میئر کا منصب سنبھالنے جا رہے ہیں، اور یہ پاکستانی کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی قیادت اور مثبت کردار کا ثبوت ہے۔

سفیر نے عزم ظاہر کیا کہ وہ فرینڈشپ گروپ کے ساتھ قریبی اشتراک سے پارلیمانی تعاون، عوامی روابط، کھیل، تعلیم، صحت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دیں گی اور باہمی دلچسپی کے نئے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کریں گی۔دونوں اطراف نے پاکستان – آئرلینڈ تعلقات کو مزید گہرائی اور وسعت دینے پر اتفاق کیا۔پاکستان کی طرف سے اجلاس میں فرینڈشپ گروپ کی اراکین نزہت صادق، بیرسٹر دانیال چوہدری، زیب جعفر، سحر کامران، ہما اختر چغتائی، نوید عامر اور ڈاکٹر شازیہ صوبیہ اسلم سومرو نے شرکت کی۔