تربت یونیورسٹی میں جدیدسائنسی علوم،مصنوعی ذہانت اورانسانی تخلیقی صلاحیتوں پرانٹرایکٹیوسیشن کا انعقاد

جمعرات 2 اکتوبر 2025 22:40

ذ*تربت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2025ء)یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی خصوصی دعوت پر معروف نیوکلیئر طبیعیات دان، ماہر تعلیم ،مصنف اورقائداعظم یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر پرویز ہودبھائی نے تربت یونیورسٹی کا دورہ کیااور فیکلٹی ممبران و طلبہ سے انٹرایکٹو سیشن میں خطاب کیا۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ہودبھائی نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم، اعلی تحقیق اور جدت کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں تاکہ پاکستان اور اپنے صوبے کی ترقی، خوشحالی اورعزت و وقار کی بلندی میں موثر کردار ادا کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کو صرف ملازمت کے حصول کا ذریعہ نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ یہ انسانی ذہانت، تجسس اور تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے کا وسیلہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انٹرنیٹ، مصنوعی ذہانت، ہسٹروفزکس، انسانی تخلیقی صلاحیت، عقل و شعوراور کوانٹم کمپیوٹنگ جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر ہودبھائی نے کہا کہ ترقی یافتہ دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کے لیے ہمیں سخت محنت کرناہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف ان کو درست سمت میں رہنمائی اور مواقع فراہم کرنے کی ہے۔سیشن کے دوران طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے کیے گئے سوالات کے جوابات ڈاکٹر ہودبھائی نے جامع اور مدلل انداز میں دیے۔

سیشن کے اختتام پر یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حنیف الرحمان نے وائس چانسلر کی جانب سے ڈاکٹر پرویز ہودبھائی کویونیورسٹی کا یادگاری شیلڈ پیش کی اور فیکلٹی اور طلبہ کے ساتھ اپنے علمی و عملی تجربات شیئر کرنے پر ان کا شکریہ اداکیا۔اس سے قبل ڈاکٹر ہودبھائی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن سے ان کے چیمبرمیں ملاقات کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے انہیں یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں، انفراسٹرکچر کی ترقی، مستقبل کی منصوبہ بندی اور درپیش چیلنجز کے بارے میں بریفنگ دی۔

ملاقات میں رجسٹرار گنگزار بلوچ، اسسٹنٹ پروفیسر جمیل احمد بادینی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد اور چیف سیکیورٹی آفیسر شاہد عیسی بھی موجود تھے۔بعد ازاں ڈاکٹر ہودبھائی نے یونیورسٹی کے مختلف حصوں بشمول لائبریری، کمپیوٹر و کیمسٹری لیب اور کلاس رومز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود طلبہ سے تبادلہ خیال کیا