کارگل بار ایسوسی ایشن کی طرف سے مسلسل دوسرے دن عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ

جمعرات 2 اکتوبر 2025 23:10

لہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کارگل بار ایسوسی ایشن نے24ستمبر کو لہہ میں بھارتی پولیس کی فائرنگ میں شہریوں کی ہلاکت کے خلاف جمعرات کو مسلسل دوسرے روز بھی عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بارایسوسی ایشن نے لہہ میں چار شہریوں کے قتل کے خلاف یکم اکتوبر سے چھ روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

ایسوسی ایشن نے متاثرہ خاندانوں کو مفت قانونی مدد فراہم کرنے کے اعلان کے علاوہ قابض انتظامیہ سے واقعے کی عدالتی تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔بارایسوسی ایشن نے ایک پیغام میں اپنے بنیادی حقو ق کیلئے جدوجہد کرنے والے لداخ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس جدوجہد کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے صدر نے ایک بیان میں کہاہے کہ ایسوسی ایشن سے وابستہ وکلا6اکتوبر تک عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے اور عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کیاجائے گا۔انہوں نے قابض حکام سے اس واقعے کی آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایاجاسکے ۔