فضلے سے توانائی بنانے کے پروجیکٹ میں مزید پیش رفت، کے الیکٹرک نے گرڈ انٹر کنکشن اسٹڈی کے لیے منظوری جاری کردی

جمعہ 3 اکتوبر 2025 14:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطارق علی نظامانی نے کچرے سے توانائی کے پروجیکٹ کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی اور مسائل کے حل کے لئے جلد از جلد اقدامات یقینی بنانا چاہتے ہیں، کچرے کوقابل استعمال بنانے اور شہر کو ماحول دوست بنانے کا ویژن ہے۔

اجلاس میں ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن غلام عباس میمن، ڈائریکٹر ایم اینڈ ای صابر شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر پروکیورمنٹ آفتاب احمد، کنسلٹنٹ انوائرنمنٹ فرحان لودھی اورخان رینیوایبل انرجی کے عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس میں کمپنی کے نمائندے نے بتایا کہ فضلے سے توانائی بنانے کے پروجیکٹ میں مزید پیش رفت ہوئی ہے کے الیکٹرک نے گرڈ انٹر کنکشن اسٹڈی کے لیے منظوری جاری کردی ہے،جبکہ محکمہ انرجی سندھ کی جانب سے فائنل فیزیبلیٹی اسٹڈی رپورٹ کی حتمی منظوری کے اجرا کے بعد ٹیرف کے لئے نیپرا سے رابطہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے تمام دستاویزات مکمل ہوچکے ہیں اب انرجی ڈیپارٹمنٹ سندھ گورنمنٹ سے فائنل ایف ایس آرکی منظوری کا انتظار ہے۔ انہوں نے اجلاس میں کہا کہ ایف ایس آر کی منظو ری کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پروجیکٹ کی تکمیل کو تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن کیا جا سکے۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں پہلا منصوبہ ہے جو فضلے کے پائیدار انتظام اور توانائی کی منتقلی کی جانب اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔ جس میں توانائی کی پیداوار، ماحولیاتی تحفظ اور اقتصادی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کی صلاحیت ہے۔انہوں نے انرجی ڈیپارٹمنٹ سے ایف ایس آر (FSR) کی منظوری کا کام تیز کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔