غزہ شہر سے نہ نکلنے والے دہشتگرد تصور ہوں گے، اسرائیل کی فلسطینیوں کو انخلا کی آخری وارننگ

یہ غزہ سٹی کے رہائشیوں کے لیے آخری موقع ہے کہ وہ اس شہر سے نکل کر جنوبی غزہ پٹی کی طرف چلے جائیں،انتباہ

جمعہ 3 اکتوبر 2025 14:30

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)اسرائیل اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا، وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایک بار پھر غزہ شہر کے تمام شہریوں کو علاقے سے انخلا کا حکم دیدیا۔وزیردفاع نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں وارننگ دی کہ یہ غزہ سٹی کے رہائشیوں کے لیے آخری موقع ہے کہ وہ اس شہر سے نکل کر جنوبی غزہ پٹی کی طرف چلے جائیں۔

انہوں نے لکھا کہ اس کے بعد جو بھی فلسطینی وہاں موجود رہیں گے، انہیں دہشت گرد اور دہشت گردوں کا حامی تصور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع کاٹز نے کہا کہ اس تنبیہ کے بعد بھی جو فلسطینی غزہ شہر میں مقیم رہیں گے تو انہیں بھرپور طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ بڑے فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے قحط زدہ غزہ شہر سے اب تک تقریبا 4 لاکھ فلسطینی نقل مکانی کرچکے ہیں۔غزہ کے باسیوں نے بتایا کہ نقل مکانی کے دوران راستے میں بھی صیہونی فوج کی اندھا دھند بمباری کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ایک متاثرہ فلسطینی حسین الدل کا کہنا تھا کہ ہم گھروں سے ننگے پائوں نکلے، اسرائیلی فوج کے حملوں کے باعث بچا کچا سامان بھی نہیں اٹھاسکے۔