یوکرینی علاقوں کو روسی علاقہ تسلیم کرنے پر یوکرین نے نکاراگوا سے سفارتی تعلقات ختم کر دیئے

جمعہ 3 اکتوبر 2025 21:38

کیف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2025ء)یوکرین کی وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ نکاراگوا کی جانب سے روس کے زیر قبضہ یوکرینی علاقوں کو روس کا حصہ تسلیم کرنے کے جواب میںکیف نے نکاراگوا سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے ہیں۔وسطی امریکہ کا یہ ملک، جو بحیرہ کریبین اور بحرالکاہل کے درمیان واقع ہے، روس کے قریبی اتحادیوں میں شمار ہوتا ہے۔

نکاراگوا 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کی مذمت کرنے والی اقوامِ متحدہ کی قرارداد کے خلاف ووٹ دینے والے صرف پانچ ممالک میں شامل تھا۔نکاراگوا کے صدر ڈینیئل اورٹیگا نے جولائی میں ولادیمیر پیوٹن کو ایک خط میں یوکرین جنگ کو ‘‘نیٹو کے حمایت یافتہ نازیوں کے خلاف ایک ہیروانہ جدوجہد’’ قرار دیا اور روس کے یوکرینی علاقوں پر دعوے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

یوکرینی وزارتِ خارجہ نے نکاراگوا کے اس اقدام کو ‘‘یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملہ’’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ایسے غیر دوستانہ اقدامات کے جواب میں یوکرین جمہوریہ نکاراگوا سے سفارتی تعلقات ختم کر رہا ہے۔"خیال رہے کہ یوکرین کے نکاراگوا کے ساتھ کوئی بڑا تجارتی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی اس کی وہاں کوئی سفارت خانہ موجود ہے۔ نکاراگوا کی جانب سے تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔