نوجوانوں کی مثبت رہنمائی سے ملک کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے، شمسہ مہ جبین

جمعہ 3 اکتوبر 2025 18:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء) صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی صدر شمسہ مہ جبین نے نوجوانوں کی تربیت اور شعور بیداری کے لیے منعقد کی گئی ورکشاپ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی مثبت رہنمائی سے ہی ملک کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو پہچان کر انہیں مثبت سرگرمیوں میں لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ اپنے خاندان، معاشرے اور ملک کے لیے بھی ایک مثالی کردار ادا کر سکیں۔

شمسہ مہ جبین نے زور دیا کہ ورکشاپس جیسے پلیٹ فارم نوجوانوں کو نئے آئیڈیاز، ہنر اور اخلاقی تربیت فراہم کرتے ہیں جو انہیں معاشرتی و سماجی چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدارتی خطاب میں انہوں نے کہاکہ ہمیں نوجوانوں میں خود اعتمادی، سماجی ذمہ داری اور مثبت سوچ کو فروغ دینا ہوگا تاکہ وہ اپنے مستقبل کے فیصلے خود کر سکیں اور معاشرے میں ایک مثبت تبدیلی لا سکیں۔

ورکشاپ میں مختلف سیشنز میں نوجوانوں کو قائدانہ صلاحیتوں، سماجی خدمت اور اختلافی مسائل کے حل کے طریقے سکھائے گئے۔ اس کے علاوہ، شرکاء نے اپنی آراء اور تجاویز کا بھی اظہار کیا تاکہ ایسی سرگرمیاں مزید موثر بنائی جا سکیں۔شمسہ مہ جبین نے نوجوانوں کو خاص طور پر یہ نصیحت کی کہ کہیں بھی کسی بھی تلخ کلامی یا جھگڑے کو طول نہ دیں۔ قصور کس کا ہے، صحیح اور غلط کی پرواہ کیے بغیر وہاں سے معذرت کرکے چلے جائیں۔

کسی کا ترش لہجہ، بدتمیزی اور حتیٰ کہ گالی بھی کھا کر اس سے معذرت کیجیے اور اپنی عزت و جان بچائیے۔ آپ بہت قیمتی ہیں اپنے والدین اور بیوی بچوں کے لیے۔ لوگ اپنے حالات سے بے حد مایوس اور تناؤ کا شکار ہیں، جو مرنے مارنے پر ایک لمحے میں آ جاتے ہیں۔ یہ صورتحال کم نہیں ہوگی بلکہ بڑھنے کی توقع ہے۔ جن معاشروں سے انصاف کا جنازہ نکل جاتا ہے، وہاں مزید برے دن آتے ہیں۔ اپنا دامن اس بگاڑ اور تلخی سے بچانا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔صدائے انسانیت کی جانب سے ایسی ورکشاپس کو جاری رکھنے اور نوجوانوں کی ہمت افزائی کے لیے مستقل پروگرامز کی منصوبہ بندی کا بھی اعلان کیا گیا ہے تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں نکھار سکیں اور ملک کی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :