سی پی او فیصل آباد کی ضلعی افسران کیساتھ کرائم میٹنگ، زیرتفتیش مقدمات کا جائزہ لیا

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے پولیس لائن کمپلیکس میں پولیس افسران کیساتھ کرائم میٹنگ کی ۔میٹنگ میں ایس ایس پی انویسٹیگیشن ناصر محمود باجوہ، ٹاؤن ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ ترجمان پولیس طارق جٹ کے مطابق سی پی او فیصل آباد نے تمام زیر تفتیش مقدمات کی پراگرس کا جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر سی پی او نے کہا کہ زیر تفتیش مقدمات کو حقائق کی روشنی میں یکسو اور چالان پینڈنسی کلئیر کی جائے۔اشتہاریوں اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے،عادی مجرمان کی علاقہ میں موجودگی اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے ، منشیات کے خلاف موثر کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے، سینتھیٹک ڈرگز کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جائیں۔

(جاری ہے)

ڈکیتی، رابری اور چوری کے مقدمات میں ملوث سابقہ ریکارڈیافتگان کو شامل تفتیش کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگین مقدمات میں سینئر افسران روزانہ کی بنیاد پر فالو اپ اور پراگرس کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔بہترین تفتیش اور موثر پیروی مقدمات سے ہی ملزمان کو قرار واقعی سزادلوائی جا سکتی ہے۔تھانوں میں آنے والے شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ سی پی او نے کہا کہ امن وامان کا قیام اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔