ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کا خیرا گلی کا دورہ،پبلک واش رومز کے قیام کیلئے موزوں مقامات کا جائزہ لیا

جمعہ 3 اکتوبر 2025 20:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد شمیم اللہ نے جمعہ کے روز گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سینیٹری انسپکٹر کے ہمراہ جی ڈی اے ٹاؤن خیرا گلی کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

دورے کا مقصد مقامی شہریوں،سیاحوں اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے پبلک واش رومز کے قیام کے لیے موزوں مقامات کا انتخاب کرنا تھا،معائنے کے دوران تین سے چار ممکنہ مقامات کا جائزہ لیا گیا جن میں سے خیراگلی مین چوک کے قریب ایک مرکزی اور نمایاں جگہ کو منتخب کیا گیا جہاں جلد ہی ایک جدید طرز کا کنٹینر واش روم نصب کیا جائے گا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے جی ڈی اے سینیٹیشن سٹاف کو ہدایت کی کہ اس منصوبے پر جلد از جلد عملدرآمد کیا جائے اور دس دن کے اندر رپورٹ جمع کرائی جائے۔ اس موقع پر خیراگلی بازار میں پہلے سے موجود پبلک واش روم کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شمیم اللہ کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوامی فلاح ہے،سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی،حفظان صحت اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان تمام منصوبوں پر شفاف اور موثر انداز میں عمل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :