طلبہ کو تعلیمی، غیر نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے، ڈاکٹر صالح سلیمان الغفیلی

جمعہ 3 اکتوبر 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے شعبہ امور طلبہ (میل) کے زیر اہتمام مختلف فیکلٹیز کے طلبہ کی صدر جامعہ کے مشیر برائے طلبہ سرگرمیاں اور ہاسٹل امور ڈاکٹر صالح سلیمان الغفیلی سے ملاقات کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ ڈائریکٹر امور طلبہ (مرد) ڈاکٹر ایچ غفران احمد نے ابتدائی کلمات میں اس ملاقات کے مقاصد بیان کیے اور کہا کہ اس طرح کی ملاقاتیں طلبہ اور جامعہ کے درمیان رابطے کو مضبوط بناتی ہیں۔

طلبہ نے اس موقع پر اپنی علمی، غیر نصابی اور کھیلوں میں کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر الغفیلی نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں جامعہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ طلبہ کو تعلیمی، غیر نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ جامعہ کی بہتری کے لیے اپنی تجاویز اور خیالات پیش کریں۔

پرووسٹ مردانہ ہاسٹلز ڈاکٹر ابرار شنواری نے بھی طلبہ سے خطاب کیا اور رہائشی سہولیات میں بہتری سے متعلق اقدامات پر روشنی ڈالی۔ اختتامی کلمات میں ڈاکٹر غفران احمد نے صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کے وژن کو سراہا جس کے تحت طلبہ سے براہ راست ملاقات کا اہتمام ممکن ہوا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی ملاقاتیں طلبہ کی مثبت ذہن سازی اور ان کی تعلیمی و ذاتی ترقی میں مددگار ثابت ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :