Live Updates

پاور ڈویژن کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی پر 4 اکتوبر تک کی رپورٹ جاری ، 437فیڈر مکمل اور 147 جزوی طور پر بحال

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 11:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) پاور ڈویژن نےسیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی پر 4 اکتوبر تک کی رپورٹ جاری کردی ، مجموعی طور پر 51 گرڈ اور 588 فیڈرز متاثر ہوئے،437 فیڈر مکمل اور 147 کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ ہفتہ کو پاور ڈویژن کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق فیسکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں 28 گرڈ اور 81 فیڈرز متاثر ہوئے،متاثرہ فیڈرز میں سے 74 مکمل اور 7 جزوی طور پر بحال کردئیے گئے، فیسکو کے زیرِ انتظام علاقے فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور میانوالی میں بجلی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لیسکو کے 67 متاثرہ فیڈرز میں سے 66 مکمل اور ایک جزوی طور پر بحال ہوچکا ہے،لیسکو کے 150 متاثرہ صارفین کی بجلی بحالی کا کام تقریباََ 14 اکتوبر تک مکمل کرنے کی توقع ہے، لیسکو کے زیرِ انتظام علاقے لاہور، ننکانہ، شیخوپورہ اور اوکاڑہ میں بجلی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاور ڈویژن کے مطابق میپکو کے 181 متاثرہ فیڈرز میں سے 76 مکمل اور 102 جزوی طور پر بحال ہو چکے ہیں،میپکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں پانی اترتے ہی متاثرہ فیڈرز کی مکمل بحالی کا کام شروع ہو جائے گا۔

پاور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق گیپکوکے 11 گرڈز اور 103فیڈرزمتاثر ہوئے،متاثرہ فیڈرز میں سے 102 فیڈرز مکمل اور ایک جزوی طور پر بحال ہو چکا ہے،گیپکو کے 3 متاثرہ صارفین کی بجلی بحالی کا کام سیلاب کا پانی اترنے پر مکمل کر لیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق پیسکو کے 90 فیڈرز مکمل طور پر بحال کردئیے گئے ہیں،ٹیسکو کے علاقے شمالی وزیرستان اور خیبر کے 18 متاثرہ فیڈرز مکمل طور پر بحال،سیپکو کے 44 متاثرہ فیڈرز میں سے 8 مکمل اور 36 عارضی طور پر بحال ہوچکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 51 گرڈ اور 588 فیڈرز متاثر ہوئے،437 فیڈر مکمل اور 147 کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات