رونالڈو نے ریاض میں بین الاقوامی ہیئرٹریٹمنٹ کلینک کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 13:40

رونالڈو نے ریاض میں بین الاقوامی ہیئرٹریٹمنٹ کلینک کا باقاعدہ افتتاح ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء)عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور النصر کلب کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے کھیل کے میدان کے ساتھ ساتھ کاروباری میدان میں بھی اپنی پہچان قائم کر دی ہے۔پرتگالی لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی دارالحکومت ریاض میں اپنے بین الاقوامی ہیئر ٹریٹمنٹ کلینک‘‘انسپاریا’’(Insparya) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، یہ سعودی عرب میں اس عالمی برانڈ کی پہلی اور سب سے بڑی برانچ ہے۔

افتتاحی تقریب میں میڈیا اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد شریک تھی، جہاں رونالڈو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ''انسپاریا’’پہلے ہی پرتگال، اسپین اور اٹلی سمیت کئی ممالک میں کامیابی کے ساتھ کام کر رہا ہے۔رونالڈو نے کہا کہ ہم نے پرتگال، اسپین اور اٹلی میں کلینکس کھولے ہیں، لیکن میں نے کہا کہ سعودی عرب میں کلینک کا ہونا سب سے اہم ہے، کیونکہ جیسا کہ میں کئی بار کہہ چکا ہوں، سعودی عرب میرے لیے دوسرا گھر ہے۔

(جاری ہے)

شاید تیسرا یا چوتھا بھی کہہ سکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جہاں بھی میں کھیلتا ہوں وہاں مجھے اپنائیت ملتی ہے، لیکن یہ جگہ میرے لیے خاص ہے کیونکہ یہاں کے لوگ مجھے بے پناہ عزت دیتے ہیں۔رونالڈو نے مزید کہا کہ میری فیملی یہاں خوش ہے، میرے دوست بھی یہاں کام کر رہے ہیں، اور مجھے لگتا ہے کہ میں سعودی عرب سے تعلق رکھتا ہوں۔ اسی لیے میرے لیے یہ بالکل فطری فیصلہ تھا کہ یہاں ایک کلینک کھولا جائے، تاکہ نہ صرف لوگوں کو بہتر زندگی دی جا سکے بلکہ عالمی معیار کی سہولت بھی فراہم کی جا سکے۔