گجرات ہائی کورٹ نے 4 سو برس پرانی مسجد کا انہدام روکنے سے انکار کر دیا

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 16:43

احمد آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء)بھارتی ریاست گجرات کی ہائی کورٹ نے احمد آباد کے سرس پور علاقے میں واقع 400 سال پرانی مسجد کے ایک حصے کاانہدام روکنے سے انکار کر دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عدالت کا یہ فیصلہ احمد آباد میونسپل کارپوریشن (اے ایم سی) کی جانب سے مسجد کی کمیٹی کو ترقیاتی منصوبے کے لیے مسجد کا ایک حصہ خالی کرنے کے لیے نوٹس جاری کرنے کے بعد آیا ہے۔

(جاری ہے)

مسجد کے متولی نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسجد ط 1950 سے بمبئی پبلک ٹرسٹ ایکٹ کے تحت ایک رجسٹرڈ وقف جائیداد ہے اور مسلمانوں کے لیے گہری تاریخی، ثقافتی اور مذہبی اہمیت رکھتی ہے۔ میونسپل کارپوریشن سڑک کو چوڑا کرنے کے منصوبے کے بہانے مسجد کا ایک حصہ گرانا چاہتی ہے۔ہائیکورٹ کے ایک ڈویژن بنچ نے مسجد کمیٹی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کارپویشن کو انہدام کی اجازت دیدی۔

قانونی ماہرین اور کمیونٹی رہنماؤں نے اس فیصلے کو مسلمانوں اور انکے مذہبی مقامات کے تعیں عدالتی بے حسی اور تعصب کا عکاسی قرار دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ عدالتیں ہندو مندروں کے تحفظ کے لیے اکثر مداخلت کرتی ہیں جبکہ مساجد اور دیگر اسلامی ورثے کی تعمیر و ترقی کی آڑ میں مسماری کی راہ ہموار کرتی ہیں ۔