آزاد کشمیر میں لاک ڈاؤن کا اختتام، معمولاتِ زندگی تیزی سے بحال

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 22:38

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اکتوبر2025ء) آزاد کشمیر میں حالیہ کشیدگی کے بعد چار روزہ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے ساتھ ہی معمولاتِ زندگی تیزی سے بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، میرپور، کوٹلی اور بھمبر سمیت تمام اضلاع میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں، جبکہ چھوٹے بڑے تمام بازار کھول دیے گئے ہیں۔

بازاروں میں عوامی آمد و رفت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور خریداروں کا رش معمول کی سرگرمیوں کی واپسی کا عکاس ہے۔سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی روانی بحال ہو گئی ہے، اور بین الاضلاعی ٹریفک بھی معمول کے مطابق چل رہی ہے۔ انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس کو مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ہے، جس سے رابطے اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد اور راولپنڈی سے اشیائے خورونوش کی سپلائی بھی بحال کر دی گئی ہے اور سامان سے لدی گاڑیاں صبح سے مختلف علاقوں میں روانہ ہو چکی ہیں۔ تعلیمی میدان میں بھی پیشرفت سامنے آئی ہے، حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اسکولز اور کالجز پیر سے کھول دیے جائیں گے اور تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہوں گی۔ شہریوں نے امن کی بحالی، حکومت اور مذاکراتی ٹیم کے کردار پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ کاروباری طبقے اور طلبہ میں بھی لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جو آزاد کشمیر میں امن و استحکام کی جانب ایک مثبت اشارہ ہے۔