یوکرین، فرانسیسی فوٹو جرنلسٹ اینٹونی لالیکان ڈرون حملے میں ہلاک

لالیکان ہانس لوکاس فوٹو ایجنسی کے لیے رپورٹنگ پر مامور تھے جب یہ واقعہ پیش آیا،رپورٹ

اتوار 5 اکتوبر 2025 13:00

کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)یوکرین میں روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں معروف فرانسیسی فوٹو جرنلسٹ اینٹونی لالیکان ہلاک ہوگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور لالیکان کی فوٹو ایجنسی ہانس لوکاس نے تصدیق کی کہ 38سالہ فوٹو جرنلسٹ یوکرین میں ڈرون حملے کے دوران ہلاک ہوئے۔لالیکان اس وقت ہانس لوکاس فوٹو ایجنسی کے لیے رپورٹنگ پر مامور تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔

بین الاقوامی اور یورپی فیڈریشن آف جرنلسٹس کے مطابق حملے میں ایک یوکرینی صحافی گیورگی ایوانچینکو بھی زخمی ہوئے، دونوں صحافیوں نے پریس کے نشان والی بلٹ پروف جیکٹ پہنی ہوئی تھی۔ایجنسی کے مطابق لالیکان ایک ایوارڈ یافتہ فوٹو جرنلسٹ تھے جو 2018 سے ادارے کے ساتھ وابستہ تھے، ان کا کام زیادہ تر سماجی، انسانی حقوق اور تنازعات کے علاقوں پر مرکوز تھا۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ یوکرین کی جنگ کے آغاز فروری 2022 سے وہاں باقاعدگی سے رپورٹنگ کر رہے تھے۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے سوشل میڈیا پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لالیکان یوکرینی فوج کے ساتھ محاذِ مزاحمت پر موجود تھے اور روسی ڈرون حملے کا نشانہ بنے۔یوکرین کے وزیرِ خارجہ انڈری سبیہا نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پوسٹ کے ذریعے لالیکان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور فرانسیسی عوام کو یکجہتی کا پیغام دیا۔