کنوینر کمیٹی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سٹی و رورل ایریاز کا ا جلاس

اتوار 5 اکتوبر 2025 16:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) کنوینر کمیٹی و رکن قومی اسمبلی چوہدری شہباز بابر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سٹی و رورل ایریاز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے عوامی بہبود سے متعلق جاری اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ سی پی اوصاحبزادہ بلال عمر نے ضلع میں امن و امان کے قیام، پولیس کارکردگی اور جرائم کے تدارک سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔

کنوینر کمیٹی چوہدری شہباز بابر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس تسلسل کے ساتھ منعقد کئے جارہے ہیں تاکہ نچلی سطح پر عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام ادارے باہمی رابطے سے عوامی خدمت کے مشن کو کامیاب بنانے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ واسا اور پی ایچ اے کو مزید متحرک کیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کے سیوریج، صفائی اور پارکوں سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پارکوں کو حقیقی معنوں میں تفریح گاہوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے جبکہ سٹریٹ لائٹس کو فعال بنانے اور سڑکوں کے پیچ ورک کی تکمیل کے لئے میونسپل کارپوریشن پوری طرح سرگرم ہے۔اجلاس میں عوامی نمائندوں نے فیصل آباد کے شہریوں کے لئے الیکٹرو بسوں کو حکومت کا تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جدید سفری سہولت عوامی ریلیف کی سمت ایک مثبت قدم ہے۔

سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے کہا کہ تمام ایس ایچ اوز کو ارکان اسمبلی سے رابطوں کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شہری مسائل کے فوری حل کے لئے پولیس اور عوامی نمائندوں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں شریک عوامی نمائندوں اور افسران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشترکہ اقدامات کے ذریعے عوام کو ہر شعبہ میں ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

دریں اثنائرورل ایریاز کابھی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور عوامی نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے شرکاء کو علاقائی ترقی اور حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ عوامی نمائندگان نے اجلاس کے دوران دیہی علاقوں میں زمین کے نیچے پانی کی سطح اوپر آنے کے مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کے فوری حل پر زور دیا۔

کسانوں کی جانب سے گندم کی فصل کی بوائی میں درپیش مشکلات اور ان کے تحفظات کے ازالے کی ضرورت پر بھی غور کیا گیا۔اسی طرح ڈجکوٹ میں سیوریج لائنیں بچھانے اور صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس نصب کرنے کا مطالبہ بھی پیش کیا گیا۔اجلاس میں نکاسی آب، واسا سے متعلقہ مسائل، سیم نالہ پل کی ڈی سلٹنگ، سڑکوں کے پیچ ورک، صفائی مہم اور علاقائی خوبصورتی کے امور پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ پانی کی سطح کے مسئلے کے حل کے لئے شارٹ ٹرم پالیسی تیار کی جائے اور محکمہ انہار آئندہ اجلاس میں جامع پلان مرتب کر کے پیش کرے۔انہوں نے کہا کہ رورل ایریاز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے جائیں گے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکیں۔اجلاس کے دوران سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تھانہ سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لئے مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی نمائندوں سے قریبی رابطہ استوار رکھا جائے گا تاکہ پولیس سروسز مزید بہتر بنائی جا سکیں۔