چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے دس بھکاری بچوں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا

اتوار 5 اکتوبر 2025 17:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد کی ہدایت پر ملتان میں انسدادِ گداگری مہم اور ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔ ترجمان چائلڈ پروٹیکشن راؤ نوید مختار کے مطابق بیورو کی ٹیموں نے گزشتہ ہفتے کے دوران شہر کے مختلف مقامات سے بھکاری، گھر سے بھاگے، گمشدہ اور بے آسرا 10 بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے بتایا کہ یہ بچے گداگری، گھریلو تشدد، یا گمشدگی کے باعث سڑکوں پر آوارہ حالت میں پائے گئے تھے، جنہیں ریسکیو کر کے بیورو کے شیلٹر ہوم منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کے تحفظ، انسدادِ گداگری، چائلڈ ٹریفکنگ کی روک تھام اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے شہر بھر میں معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی جگہ بھکاری، گھر سے بھاگا، گمشدہ، لاوارث یا تشدد کا شکار بچہ نظر آئے تو فوراً چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر اطلاع دیں تاکہ فوری امداد فراہم کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :