اساتذہ قوموں کی تعمیر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، پروفیسر اقبال ترین

اتوار 5 اکتوبر 2025 17:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) بلوچستان یونیورسٹی سب کیمپس مستونگ کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد اقبال ترین نےکہا ہے کہ استاد ایک ایسا چراغ ہے جو دوسروں کو روشنی دیتے دیتے خود پگھل جاتا ہے۔عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشروں کی ترقی، تہذیب اور علم و شعور کے فروغ میں اساتذہ کا کردار بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے، جسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

اپنے خصوصی پیغام میں ڈائریکٹر محمد اقبال ترین نے کہا کہ اساتذہ قوموں کی تعمیر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وہ نسلِ نو کی فکری تربیت، علمی آبیاری اور اخلاقی تشکیل کے اہم ترین ستون ہیں۔ ایک استاد صرف کتابی علم نہیں دیتا بلکہ کردار سازی، سوچنے کی صلاحیت اور مثبت رویے پیدا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں تعلیمی میدان میں جتنی بھی ترقی ممکن ہوئی ہے، اس میں اساتذہ کی قربانیوں اور لگن کا کلیدی کردار رہا ہے۔

انہوں نے خاص طور پر دیہی علاقوں میں کام کرنے والے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل، دشوار گزار راستوں اور چیلنجنگ حالات کے باوجود یہ اساتذہ نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں مصروفِ عمل ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔ڈائریکٹر مستونگ سب کیمپس نے بلوچستان یونیورسٹی کے اساتذہ اور تعلیمی عملے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی ایک علمی مرکز ہے اور آپ سب کی محنت، خلوص اور ذمہ داری کے باعث ہم تعلیم کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔ آپ کی مسلسل جدوجہد نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

متعلقہ عنوان :