ملتان ٹی ہاؤس کے سابق کئیرٹیکر سید ارشد علی بخاری کے اعزاز میں الوداعی تقریب

اتوار 5 اکتوبر 2025 20:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) ملتان ٹی ہاوس کے سابق کئیرٹیکر سید ارشد علی بخاری کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی نظامت نومنتخب کئیرٹیکر ٹی ہاؤس فیاض احمد اعوان نے کی جبکہ سینئر شعرائے کرام، ادیبوں اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق کئیرٹیکر ٹی ہاؤس ارشد علی بخاری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ انہوں نے ٹی ہاؤس میں 9 سال کا ایک طویل عرصہ ایمانداری سے گزارا،یہاں کی انتظامیہ اور بالخصوص جنرل سیکرٹری خالد مسعود خان کا شکر گزار ہوں کہ جن کے تعاون کی بدولت کسی بھی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں ارکان اور عہدیداروں کی طرف سے ہمیشہ عزت واحترام ملا جسے ہمیشہ یاد رکھوں گا ۔

(جاری ہے)

ملتان ٹی ہاوس کے جنرل سیکرٹری خالد مسعود خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سید ارشد علی بخاری نے بطور کیئر ٹیکر ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔انہوں نے تمام اراکین کے مسائل حل کرنے کی ہمیشہ کوشش کی ،جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تقریب سے پروفیسر انور جمال، شاکر حسین شاکر، شوکت اشفاق، مستحسن خیال، سجاد جہانیہ، مختار سومرو اور سجاد ملک نے بھی خطاب کیا اور ارشد علی بخاری کی خدمات کو سراہا۔ تقریب کے آخر میں انہیں پھول اور تحائف پیش کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :