اساتذہ علم و ہدایت کے چراغ جلا کر جہالت، انتہاپسندی اور ناانصافی کے اندھیروں کو مٹاتے ہیں، قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا اساتذہ کے عالمی دن پر پیغام

اتوار 5 اکتوبر 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر تمام معلمین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوم کی تعمیر و ترقی کے حقیقی معمار اور رہنما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی فکری، اخلاقی اور علمی بنیادیں اس وقت مضبوط ہوتی ہیں جب اساتذہ اخلاص، علم اور کردار کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

سیدال خان نے کہا کہ اسلام دینِ علم و آگہی ہے جس میں تعلیم حاصل کرنے اور اساتذہ کے احترام پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ نبی کریم ﷺ کا ارشادِ گرامی ہےکہ ’’مجھے معلم بنا کر مبعوث فرمایا گیا‘‘۔یہ اس مقدس پیشے کی عظمت اور روحانی رفعت کو واضح کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ علم و ہدایت کے چراغ جلا کر جہالت، انتہاپسندی اور ناانصافی کے اندھیروں کو مٹاتے ہیں اور نئی نسل کو برداشت، انسانیت اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایک استاد صرف علم نہیں دیتا بلکہ کردار، شعور اور سوچ کی روشنی بانٹتا ہے۔ ہر کامیاب فرد، ادارہ اور قوم کے پسِ منظر میں کسی نہ کسی استاد کی محنت، رہنمائی اور دعا شامل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے اساتذہ کو عزت، وقار اور مقام دیتی ہیں، وہی دنیا میں علم و تحقیق کے میدان میں قیادت کرتی ہیں۔

سیدال خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان اور حکومت اساتذہ کے مسائل کے حل، ان کی پیشہ ورانہ ترقی اور نظامِ تعلیم میں اصلاحات کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کا سفر تعلیم سے جڑا ہے اور تعلیم کی مضبوطی اساتذہ کی مضبوطی سے وابستہ ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے طلبہ، والدین اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ اساتذہ کے مقام و مرتبے کو دل سے تسلیم کریں، ان کی رہنمائی سے استفادہ کریں اور ان کی خدمت و قربانیوں کا اعتراف ہمیشہ زندہ رکھیں۔انہوں نے تمام اساتذہ کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ علم و کردار کے وہ چراغ ہیں جن کی روشنی سے قوموں کی تقدیر روشن ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :