غیرقانونی مقیم افغانیوں کے انخلا کو یقینی بنانے کیلئے موثر کارروائیاں جاری ہیں،ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی

اتوار 5 اکتوبر 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہدایات پر دیگر اضلاع کی طرح ضلع پشین میں بھی غیرقانونی مقیم افغانیوں کے انخلا کو یقینی بنانے کے لیے موثر کارروائیاں جاری ہیں،جس میں ان غیر ملکی اور غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کی دکانیں بند کرنا اور ان کے خلاف سرچ آپریشن شامل ہیں،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کیلئے موثر اور بروقت اقدامات کئے گئے ہیں تاہم روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی جاری ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتظامی افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع پشین میں غیرقانونی رہائش پذیر افغان مہاجرین کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے انکے گھروں کو مسمار کرنے اور دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سرچ آپریشن کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا،ڈپٹی کمشنر منصور قاضی نے غیر قانونی مقیم باشندوں کے سہولت کاروں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کا واضح پیغام بھی دیا ہے،انہوں نے سہولت کاروں کی نشاندہی کی اطلاع دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس گرینڈ آپریشن کی کامیابی کے لیے علاقہ معتبرین اور سیاسی عمائدین سمیت دیگر تمام مکتبہ فکر کے عوام کا انتظامیہ کے ساتھ اشتراک اور تعاون وقت کی اہم ضرورت ہےتاکہ مشترکہ اقدامات کے ذریعے غیر ملکی غیر قانونی افرادکے انخلاکو یقینی بنایا جا سکے۔