چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی ہدایت پر صوبے بھر میں عوامی پارکس کی بحالی اور تزئین و آرائش مہم کا آغاز

اتوار 5 اکتوبر 2025 23:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں عوامی پارکس کی بحالی اور تزئین و آرائش مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنا اور صوبے کو مزید سرسبز و خوبصورت بنانا ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اس مہم کی خود نگرانی کر رہے ہیں جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں پارکس کی بہتری کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

اس ضمن میں شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر ان کے علاقے میں کوئی پارک خستہ حال ہے یا اس میں بہتری کی ضرورت ہے تو وہ اس کی لوکیشن اور تصاویر کے ساتھ چیف سیکرٹری ایکس/ٹوئٹر اکاؤنٹ @CSKPOfficial کو ٹیگ کریں۔

(جاری ہے)

موصول ہونے والی اطلاعات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چیف سیکرٹری آفس کے مطابق عوامی شمولیت کے ذریعے تمام پارکس کو صاف، محفوظ اور بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو صحت مند تفریحی ماحول میسر آسکے۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے کے ہر ضلع میں عوامی سہولیات کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام پارکس کی فوری مرمت اور تزئین و آرائش کو یقینی بنایا جائے گاجس کا مقصد ایک سرسبز، صاف و خوبصورت خیبرپختونخوا ہے۔

متعلقہ عنوان :