بھارت ، راجستھان کے سرکاری ہسپتال میں آگ لگنے سے 6 مریض ہلاک

پیر 6 اکتوبر 2025 10:00

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) بھارتی ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے ایک سرکاری ہسپتال میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں آئی سی یو میں زیر علاج 6 مریض ہلاک ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق پولیس نے واقعے کی تصدیق پیر کے روز کی۔پولیس کے مطابق آگ جے پور کے ساوائی مان سنگھ ہسپتال میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب آئی سی یو کی دوسرے منزل پر لگی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

آگ لگتے ہی آئی سی یو میں زہریلی گیس پھیل گئی جس کے باعث مریضوں کی حالت بگڑ گئی اور 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کے وقت آئی سی یو میں 11 مریض زیر علاج تھے جن میں سے پانچ کو بچا لیا گیا تاہم ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ریسکیو ٹیموں اور فائر بریگیڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا تاہم واقعے نے ہسپتال کے حفاظتی انتظامات پر سوالیہ نشان لگا دئیے ہیں۔حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جبکہ ہسپتال میں حفاظتی انتظامات کا از سرِ نو جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔