کسی بھی ویزے پر سعودی عرب آنے والوں کو عمرے کی اجازت ہے، سعودی وزارت حج وعمرہ

پیر 6 اکتوبر 2025 10:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ نے کہا ہے کہ مملکت میں کسی بھی ویزے پر آنے والوں کو عمرہ ادا کرنے اجازت ہے۔ اردو نیوز کے مطابق وزارت کی جانب سے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا گیا کہ مملکت کے وژن 2030 اہداف میں زائرین کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا سرفہرست ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی ملک سے وزٹ، فیملی وزٹ، الیکٹرانک سیاحتی ویزے یا ٹرانزٹ ویزے پر آنے والے کسی بھی وقت عمرہ ادا کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس امر کی کوئی ممانعت نہیں بلکہ دنیا بھر سے آنے والے مسلمانوں کو اسلامی ارکان ادا کرنے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا مملکت کا اہم ترین مقصد ہے۔ وزارت نے واضح کیا کہ حال ہی میں ’’نسک عمرہ‘‘ پورٹل کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے جس کا مقصد عمرہ زائرین کو براہ راست ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ڈیجیٹل چینل کو استعمال کرتے ہوئے بآسانی عمرہ پرمٹ کے علاوہ دیگر سہولیات حاصل کرسکیں۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ اطلاعات گردش کررہی تھیں جن میں کہا جارہا تھا کہ صرف عمرہ ویزے پر آنے والوں کو ہی عمرہ کرنے کی اجازت ہے اور وزٹ یا سیاحتی ویزے پر آنے والوں کو نسک کے ذریعے پرمٹ جاری نہیں کیا جاتا۔