پرائیویٹ حج سکیم کا 17اکتوبرتک رہ جانے والا کوٹہ سرکاری سکیم میں شامل کرلیا جائے گا،ترجمان وزارت مذہبی امور

پیر 6 اکتوبر 2025 16:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ سست روی کا شکار ہے، 17اکتوبرتک پرائیویٹ حج سکیم کا کوٹہ اگر باقی رہ گیا تو اسے سرکاری سکیم میں شامل کرلیا جائے گا۔پیرکووزارت مذہبی امور کے ترجمان عمربٹ نے ’’اے پی پی ‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئےکہا کہ حج 2026کےلئے پرائیویٹ سکیم کا حج کوٹہ60ہزار مختص کیا گیا ہے جس کی بکنگ کا آغاز 29ستمبر سے ہوچکا ہے، وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو اس بات کا پابند کیا تھا کہ سب سے پہلے پرائیویٹ سکیم کے گزشتہ سال حج سے محروم رہ جانے والے 21ہزار سے زائد افراد کی بکنگ کی جائے اور اس کے بعد انہیں جنرل بکنگ کی اجازت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز نے گزشتہ سال حج سے محروم رہ جانے والے 21ہزار500افراد کی بکنگ کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد انہیں جنر ل بکنگ کی اجازت دیدی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ سست روی کا شکار ہے اور6 اکتوبر تک 33ہزار600افراد کی بکنگ کی گئی ہے، پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 60ہزار افراد کی بکنگ درکار ہے، وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ کی سست روی کے حوالے سے ایک خط بھی لکھا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے اصولی فیصلہ کیا ہے کہ اگرپرائیویٹ سکیم کا کوٹہ باقی رہ گیا تو اسے پھر وزارت مذہبی امور سرکاری حج سکیم میں شامل کرے گی، پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ کی آخری تاریخ 17اکتوبر ہے، پرائیویٹ ٹور آپریٹرز نے نہ صرف حتمی تاریخ تک بکنگ مکمل کرنی ہے بلکہ وزارت مذہبی امور کواپنی مالی حیثیت کے حوالے سے بھی یقین دہانی کرانی ہے۔

انہوں نے وزارت مذہبی امور کے پورٹل پرپرائیویٹ سکیم کے تمام عازمین کا ڈیٹا بھی ڈالنا ہے، پرائیویٹ ٹور آپریٹرز پر لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ بکنگ کی رقوم مستند بنکنگ چینلز سے وصول کریں تاکہ گزشتہ سال کی طرح کوئی ایسا مسئلہ نہ بن جائے،وزارت مذہبی امور اسی بناء پر باریک بینی سے اس سارے عمل کی مانیٹرنگ بھی کررہی ہے، جہاں پر بھی کوئی کمی بیشی نظر آتی ہے وہاں وزارت مذہبی امورخطوط کے ذریعے ان کی رہنمائی بھی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں سرکاری سکیم کے حاجیوں کےلئے وزارت مذہبی امور رہائش، خوراک اور ٹرانسپور ٹ کے حوالے سے انتظامات کررہی ہے اور یہ تمام انتظامات سعودی تعلیمات کے مطابق کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکیم کے تحت بکنگ کرانے کے خواہشمند افراد کوئی چاہئے کہ وہ وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پاک حج ایپ کے ذریعے مستند ٹور آپریٹرزکی موجود فہرست کو دیکھ کر بکنگ کرائیں اور مستند بنکنگ چینلز کے ذریعے اپنی رقوم ادا کریں ، بکنگ کرانے کے بعد وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پراپنا ڈیٹا ضرور چیک کریں اگرکسی کا ڈیٹا نہیں ظاہر ہورہا تواس سلسلے میں اپنے پرائیویٹ ٹور آپریٹر کے ساتھ ساتھ وزارت مذہبی امورکے متعلقہ افسر سے بھی رابطہ کریں۔\395