لاہور انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک،اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی نگرانی جاری

پیر 6 اکتوبر 2025 16:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) لاہور انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے پرائس کنٹرول مہم جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی نگرانی میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہیں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔اس دوران کریلے، گوبھی اور لیموں کی قیمتوں میں10 روپے فی کلو جبکہ بھنڈی کی قیمت میں5 روپے فی کلو کمی ریکارڈ کی گئی ۔

اسی طرح آڑو کی قیمت میں5 روپے اور ناشپاتی کی قیمت میں10 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے۔ آلو، پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتیں مستحکم رہیں جبکہ سیب، کیلے، آم اور کھجوروں سمیت بیشتر پھلوں کی قیمتوں میں بھی استحکام دیکھا گیا۔لاہور شہر میں 14 روپے روٹی کی فروخت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

چینی سرکاری قیمت 175 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے۔

آٹے کی قیمتوں میں بھی استحکام برقرار ہے،10 کلو آٹے کا تھیلا905 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 1810 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم 03070002345 پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے شکایت درج کرائیں۔شہریوں کی شکایات کا ازالہ انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔