عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی، ٹرمپ نے فوجی دستے پورٹ لینڈ بھی بھیج دیے

پیر 6 اکتوبر 2025 21:01

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیلیفورنیا سے فوجی دستے اورِیگون کے شہر پورٹ لینڈ روانہ کر دیے ہیں، حالانکہ ایک عدالت نے انہیں نیشنل گارڈ کی تعیناتی کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ، صدر ٹرمپ نے یہ اقدام عدالتی حکم کو بائی پاس کرتے ہوئے کیا، اور اس کے بجائے لاس اینجلس میں پہلے سے تعینات نیشنل گارڈ کے فوجیوں کو پورٹ لینڈ بھیج دیا۔

کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے اس فیصلے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ’قانون کے حیرت انگیز غلط استعمال‘ کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کریں گے۔دوسری جانب، ایلینوئے کے گورنر جے بی پرٹزکر نے الزام لگایا کہ ٹرمپ نے ٹیکساس نیشنل گارڈ کے فوجیوں کو بھی دوبارہ تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

پینٹاگون نے تصدیق کی کہ کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کے 200 اہلکار پورٹ لینڈ بھیجے گئے ہیں تاکہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹاور دیگر وفاقی اداروں کے عملے کی مدد کر سکیں۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان ابیگیل جیکسن نے بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ نے اپنے قانونی اختیار کا استعمال کرتے ہوئے وفاقی املاک اور اہلکاروں کی حفاظت کے لیے یہ قدم اٹھایا، جو حالیہ پرتشدد فسادات کے بعد ضروری تھا۔انہوں نے گورنر نیوسم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں قانون پر عمل کرنے والے شہریوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، نہ کہ ان مجرموں کے ساتھ جو پورٹ لینڈ اور دیگر شہروں کو تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عدالت میں جائیں گے، مگر عوام کو بھی ایسے آمرانہ اقدامات کے خلاف خاموش نہیں رہنا چاہیے۔